← Leviticus 16/27 → |
جب ہارون کے دو بیٹے رب کے قریب آ کر ہلاک ہوئے تو اِس کے بعد رب موسیٰ سے ہم کلام ہوا۔ | .1 |
اُس نے کہا، ”اپنے بھائی ہارون کو بتانا کہ وہ صرف مقررہ وقت پر پردے کے پیچھے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو کر عہد کے صندوق کے ڈھکنے کے سامنے کھڑا ہو جائے، ورنہ وہ مر جائے گا۔ کیونکہ مَیں خود اُس ڈھکنے کے اوپر بادل کی صورت میں ظاہر ہوتا ہوں۔ | .2 |
اور جب بھی وہ داخل ہو تو گناہ کی قربانی کے لئے ایک جوان بَیل اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا پیش کرے۔ | .3 |
پہلے وہ نہا کر امام کے کتان کے مُقدّس کپڑے پہن لے یعنی زیر جامہ، اُس کے نیچے پاجامہ، پھر کمربند اور پگڑی۔ | .4 |
اسرائیل کی جماعت ہارون کو گناہ کی قربانی کے لئے دو بکرے اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا دے۔ | .5 |
پہلے ہارون اپنے اور اپنے گھرانے کے لئے جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھائے۔ | .6 |
پھر وہ دونوں بکروں کو ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے لے آئے۔ | .7 |
وہاں وہ قرعہ ڈال کر ایک کو رب کے لئے چنے اور دوسرے کو عزازیل کے لئے۔ | .8 |
جو بکرا رب کے لئے ہے اُسے وہ گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ | .9 |
دوسرا بکرا جو قرعے کے ذریعے عزازیل کے لئے چنا گیا اُسے زندہ حالت میں رب کے سامنے کھڑا کیا جائے تاکہ وہ جماعت کا کفارہ دے۔ وہاں سے اُسے ریگستان میں عزازیل کے پاس بھیجا جائے۔ | .10 |
لیکن پہلے ہارون جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھا کر اپنا اور اپنے گھرانے کا کفارہ دے۔ اُسے ذبح کرنے کے بعد | .11 |
وہ بخور کی قربان گاہ سے جلتے ہوئے کوئلوں سے بھرا ہوا برتن لے کر اپنی دونوں مٹھیاں باریک خوشبودار بخور سے بھر لے اور مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو جائے۔ | .12 |
وہاں وہ رب کے حضور بخور کو جلتے ہوئے کوئلوں پر ڈال دے۔ اِس سے پیدا ہونے والا دھواں عہد کے صندوق کا ڈھکنا چھپا دے گا تاکہ ہارون مر نہ جائے۔ | .13 |
اب وہ جوان بَیل کے خون میں سے کچھ لے کر اپنی اُنگلی سے ڈھکنے کے سامنے والے حصے پر چھڑکے، پھر کچھ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔ | .14 |
اِس کے بعد وہ اُس بکرے کو ذبح کرے جو قوم کے لئے گناہ کی قربانی ہے۔ وہ اُس کا خون مُقدّس ترین کمرے میں لے آئے اور اُسے بَیل کے خون کی طرح عہد کے صندوق کے ڈھکنے پر اور سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔ | .15 |
یوں وہ مُقدّس ترین کمرے کا کفارہ دے گا جو اسرائیلیوں کی ناپاکیوں اور تمام گناہوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ اِس سے وہ ملاقات کے پورے خیمے کا بھی کفارہ دے گا جو خیمہ گاہ کے درمیان ہونے کے باعث اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ | .16 |
جتنا وقت ہارون اپنا، اپنے گھرانے کا اور اسرائیل کی پوری جماعت کا کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں رہے گا اِس دوران کسی دوسرے کو ملاقات کے خیمے میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہے۔ | .17 |
پھر وہ مُقدّس ترین کمرے سے نکل کر خیمے میں رب کے سامنے پڑی قربان گاہ کا کفارہ دے۔ وہ بَیل اور بکرے کے خون میں سے کچھ لے کر اُسے قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے۔ | .18 |
کچھ خون وہ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس پر چھڑک دے۔ یوں وہ اُسے اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے پاک کر کے مخصوص و مُقدّس کرے گا۔ | .19 |
مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے اور قربان گاہ کا کفارہ دینے کے بعد ہارون زندہ بکرے کو سامنے لائے۔ | .20 |
وہ اپنے دونوں ہاتھ اُس کے سر پر رکھے اور اسرائیلیوں کے تمام قصور یعنی اُن کے تمام جرائم اور گناہوں کا اقرار کر کے اُنہیں بکرے کے سر پر ڈال دے۔ پھر وہ اُسے ریگستان میں بھیج دے۔ اِس کے لئے وہ بکرے کو ایک آدمی کے سپرد کرے جسے یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ | .21 |
بکرا اپنے آپ پر اُن کا تمام قصور اُٹھا کر کسی ویران جگہ میں لے جائے گا۔ وہاں ساتھ والا آدمی اُسے چھوڑ آئے۔ | .22 |
اِس کے بعد ہارون ملاقات کے خیمے میں جائے اور کتان کے وہ کپڑے جو اُس نے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہونے سے پیشتر پہن لئے تھے اُتار کر وہیں چھوڑ دے۔ | .23 |
وہ مُقدّس جگہ پر نہا کر اپنی خدمت کے عام کپڑے پہن لے۔ پھر وہ باہر آ کر اپنے اور اپنی قوم کے لئے بھسم ہونے والی قربانی پیش کرے تاکہ اپنا اور اپنی قوم کا کفارہ دے۔ | .24 |
اِس کے علاوہ وہ گناہ کی قربانی کی چربی قربان گاہ پر جلا دے۔ | .25 |
جو آدمی عزازیل کے لئے بکرے کو ریگستان میں چھوڑ آیا ہے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ اِس کے بعد وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ | .26 |
جس بَیل اور بکرے کو گناہ کی قربانی کے لئے پیش کیا گیا اور جن کا خون کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں لایا گیا، لازم ہے کہ اُن کی کھالیں، گوشت اور گوبر خیمہ گاہ کے باہر جلا دیا جائے۔ | .27 |
یہ چیزیں جلانے والا بعد میں اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ پھر وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ | .28 |
لازم ہے کہ ساتویں مہینے کے دسویں دن اسرائیلی اور اُن کے درمیان رہنے والے پردیسی اپنی جان کو دُکھ دیں اور کام نہ کریں۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔ | .29 |
اِس دن تمہارا کفارہ دیا جائے گا تاکہ تمہیں پاک کیا جائے۔ تب تم رب کے سامنے اپنے تمام گناہوں سے پاک ٹھہرو گے۔ | .30 |
پورا دن آرام کرو اور اپنی جان کو دُکھ دو۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ | .31 |
اِس دن امامِ اعظم تمہارا کفارہ دے، وہ امام جسے اُس کے باپ کی جگہ مسح کیا گیا اور اختیار دیا گیا ہے۔ وہ کتان کے مُقدّس کپڑے پہن کر | .32 |
مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے، قربان گاہ، اماموں اور جماعت کے تمام لوگوں کا کفارہ دے۔ | .33 |
لازم ہے کہ سال میں ایک دفعہ اسرائیلیوں کے تمام گناہوں کا کفارہ دیا جائے۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔“ سب کچھ ویسے ہی کیا گیا جیسا رب نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔ | .34 |
← Leviticus 16/27 → |