← 1Corinthians 16/16 |
رہی چندے کی بات جو یروشلم کے مُقدّسین کے لئے جمع کیا جا رہا ہے تو اُسی ہدایت پر عمل کریں جو مَیں گلتیہ کی جماعتوں کو دے چکا ہوں۔ | .1 |
ہر اتوار کو آپ میں سے ہر کوئی اپنے کمائے ہوئے پیسوں میں سے کچھ اِس چندے کے لئے مخصوص کر کے اپنے پاس رکھ چھوڑے۔ پھر میرے آنے پر ہدیہ جات جمع کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ | .2 |
جب مَیں آؤں گا تو ایسے افراد کو جو آپ کے نزدیک قابلِ اعتماد ہیں خطوط دے کر یروشلم بھیجوں گا تاکہ وہ آپ کا ہدیہ وہاں تک پہنچا دیں۔ | .3 |
اگر مناسب ہو کہ مَیں بھی جاؤں تو وہ میرے ساتھ جائیں گے۔ | .4 |
مَیں مکدُنیہ سے ہو کر آپ کے پاس آؤں گا کیونکہ مکدُنیہ میں سے سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ | .5 |
شاید آپ کے پاس تھوڑے عرصے کے لئے ٹھہروں، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ سردیوں کا موسم آپ ہی کے ساتھ کاٹوں تاکہ میرے بعد کے سفر کے لئے آپ میری مدد کر سکیں۔ | .6 |
مَیں نہیں چاہتا کہ اِس دفعہ مختصر ملاقات کے بعد چلتا بنوں، بلکہ میری خواہش ہے کہ کچھ وقت آپ کے ساتھ گزاروں۔ شرط یہ ہے کہ خداوند مجھے اجازت دے۔ | .7 |
لیکن عیدِ پنتکُست تک مَیں اِفسس میں ہی ٹھہروں گا، | .8 |
کیونکہ یہاں میرے سامنے موثر کام کے لئے ایک بڑا دروازہ کھل گیا ہے اور ساتھ ہی بہت سے مخالف بھی پیدا ہو گئے ہیں۔ | .9 |
اگر تیمُتھیُس آئے تو اِس کا خیال رکھیں کہ وہ بلاخوف آپ کے پاس رہ سکے۔ میری طرح وہ بھی خداوند کے کھیت میں فصل کاٹ رہا ہے۔ | .10 |
اِس لئے کوئی اُسے حقیر نہ جانے۔ اُسے سلامتی سے سفر پر روانہ کریں تاکہ وہ مجھ تک پہنچے، کیونکہ مَیں اور دیگر بھائی اُس کے منتظر ہیں۔ | .11 |
بھائی اپلّوس کی مَیں نے بڑی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ دیگر بھائیوں کے ساتھ آپ کے پاس آئے، لیکن اللہ کو قطعاً منظور نہ تھا۔ تاہم موقع ملنے پر وہ ضرور آئے گا۔ | .12 |
جاگتے رہیں، ایمان میں ثابت قدم رہیں، مردانگی دکھائیں، مضبوط بنے رہیں۔ | .13 |
سب کچھ محبت سے کریں۔ | .14 |
بھائیو، مَیں ایک بات میں آپ کو نصیحت کرنا چاہتا ہوں۔ آپ جانتے ہیں کہ ستفناس کا گھرانا اخیہ کا پہلا پھل ہے اور کہ اُنہوں نے اپنے آپ کو مُقدّسین کی خدمت کے لئے وقف کر رکھا ہے۔ | .15 |
آپ ایسے لوگوں کے تابع رہیں اور ساتھ ہی ہر اُس شخص کے جو اُن کے ساتھ خدمت کے کام میں جاں فشانی کرتا ہے۔ | .16 |
ستفناس، فرتُوناتُس اور اخیکُس کے پہنچنے پر مَیں بہت خوش ہوا، کیونکہ اُنہوں نے وہ کمی پوری کر دی جو آپ کی غیرحاضری سے پیدا ہوئی تھی۔ | .17 |
اُنہوں نے میری روح کو اور ساتھ ہی آپ کی روح کو بھی تازہ کیا ہے۔ ایسے لوگوں کی قدر کریں۔ | .18 |
آسیہ کی جماعتیں آپ کو سلام کہتی ہیں۔ اکوِلہ اور پرسکلہ آپ کو خداوند میں پُرجوش سلام کہتے ہیں اور اُن کے ساتھ وہ جماعت بھی جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔ | .19 |
تمام بھائی آپ کو سلام کہتے ہیں۔ ایک دوسرے کو مُقدّس بوسہ دیتے ہوئے سلام کہیں۔ | .20 |
یہ سلام مَیں یعنی پولس اپنے ہاتھ سے لکھتا ہوں۔ | .21 |
لعنت اُس شخص پر جو خداوند سے محبت نہیں رکھتا۔ اے ہمارے خداوند، آ! | .22 |
خداوند عیسیٰ کا فضل آپ کے ساتھ رہے۔ | .23 |
مسیح عیسیٰ میں آپ سب کو میرا پیار۔ | .24 |
← 1Corinthians 16/16 |