← Psalms 91/150 → |
جو اللہ تعالیٰ کی پناہ میں رہے وہ قادرِ مطلق کے سائے میں سکونت کرے گا۔ | .1 |
مَیں کہوں گا، ”اے رب، تُو میری پناہ اور میرا قلعہ ہے، میرا خدا جس پر مَیں بھروسا رکھتا ہوں۔“ | .2 |
کیونکہ وہ تجھے چڑی مار کے پھندے اور مہلک مرض سے چھڑائے گا۔ | .3 |
وہ تجھے اپنے شاہ پَروں کے نیچے ڈھانپ لے گا، اور تُو اُس کے پَروں تلے پناہ لے سکے گا۔ اُس کی وفاداری تیری ڈھال اور پُشتہ رہے گی۔ | .4 |
رات کی دہشتوں سے خوف مت کھا، نہ اُس تیر سے جو دن کے وقت چلے۔ | .5 |
اُس مہلک مرض سے دہشت مت کھا جو تاریکی میں گھومے پھرے، نہ اُس وبائی بیماری سے جو دوپہر کے وقت تباہی پھیلائے۔ | .6 |
گو تیرے ساتھ کھڑے ہزار افراد ہلاک ہو جائیں اور تیرے دہنے ہاتھ دس ہزار مر جائیں، لیکن تُو اُس کی زد میں نہیں آئے گا۔ | .7 |
تُو اپنی آنکھوں سے اِس کا ملاحظہ کرے گا، تُو خود بےدینوں کی سزا دیکھے گا۔ | .8 |
کیونکہ تُو نے کہا ہے، ”رب میری پناہ گاہ ہے،“ تُو اللہ تعالیٰ کے سائے میں چھپ گیا ہے۔ | .9 |
اِس لئے تیرا کسی بلا سے واسطہ نہیں پڑے گا، کوئی آفت بھی تیرے خیمے کے قریب پھٹکنے نہیں پائے گی۔ | .10 |
کیونکہ وہ اپنے فرشتوں کو ہر راہ پر تیری حفاظت کرنے کا حکم دے گا، | .11 |
اور وہ تجھے اپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے تاکہ تیرے پاؤں کو پتھر سے ٹھیس نہ لگے۔ | .12 |
تُو شیرببروں اور زہریلے سانپوں پر قدم رکھے گا، تُو جوان شیروں اور اژدہاؤں کو کچل دے گا۔ | .13 |
رب فرماتا ہے، ”چونکہ وہ مجھ سے لپٹا رہتا ہے اِس لئے مَیں اُسے بچاؤں گا۔ چونکہ وہ میرا نام جانتا ہے اِس لئے مَیں اُسے محفوظ رکھوں گا۔ | .14 |
وہ مجھے پکارے گا تو مَیں اُس کی سنوں گا۔ مصیبت میں مَیں اُس کے ساتھ ہوں گا۔ مَیں اُسے چھڑا کر اُس کی عزت کروں گا۔ | .15 |
مَیں اُسے عمر کی درازی بخشوں گا اور اُس پر اپنی نجات ظاہر کروں گا۔“ | .16 |
← Psalms 91/150 → |