← Psalms 8/150 → |
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ طرز: گتّیت۔ اے رب ہمارے آقا، تیرا نام پوری دنیا میں کتنا شاندار ہے! تُو نے آسمان پر ہی اپنا جلال ظاہر کر دیا ہے۔ | .1 |
اپنے مخالفوں کے جواب میں تُو نے چھوٹے بچوں اور شیرخواروں کی زبان کو تیار کیا ہے تاکہ وہ تیری قوت سے دشمن اور کینہ پرور کو ختم کریں۔ | .2 |
جب مَیں تیرے آسمان کا ملاحظہ کرتا ہوں جو تیری اُنگلیوں کا کام ہے، چاند اور ستاروں پر غور کرتا ہوں جن کو تُو نے اپنی اپنی جگہ پر قائم کیا | .3 |
تو انسان کون ہے کہ تُو اُسے یاد کرے یا آدم زاد کہ تُو اُس کا خیال رکھے؟ | .4 |
تُو نے اُسے فرشتوں سے کچھ ہی کم بنایا ، تُو نے اُسے جلال اور عزت کا تاج پہنایا۔ | .5 |
تُو نے اُسے اپنے ہاتھوں کے کاموں پر مقرر کیا، سب کچھ اُس کے پاؤں کے نیچے کر دیا، | .6 |
خواہ بھیڑبکریاں ہوں خواہ گائےبَیل، جنگلی جانور، | .7 |
پرندے، مچھلیاں یا سمندری راہوں پر چلنے والے باقی تمام جانور۔ | .8 |
اے رب ہمارے آقا، پوری دنیا میں تیرا نام کتنا شاندار ہے! | .9 |
← Psalms 8/150 → |