← Psalms 61/150 → |
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ تاردار ساز کے ساتھ گانا ہے۔ اے اللہ، میری آہ و زاری سن، میری دعا پر توجہ دے۔ | .1 |
مَیں تجھے دنیا کی انتہا سے پکار رہا ہوں، کیونکہ میرا دل نڈھال ہو گیا ہے۔ میری راہنمائی کر کے مجھے اُس چٹان پر پہنچا دے جو مجھ سے بلند ہے۔ | .2 |
کیونکہ تُو میری پناہ گاہ رہا ہے، ایک مضبوط بُرج جس میں مَیں دشمن سے محفوظ ہوں۔ | .3 |
مَیں ہمیشہ کے لئے تیرے خیمے میں رہنا، تیرے پَروں تلے پناہ لینا چاہتا ہوں۔ (سِلاہ) | .4 |
کیونکہ اے اللہ، تُو نے میری مَنتوں پر دھیان دیا، تُو نے مجھے وہ میراث بخشی جو اُن سب کو ملتی ہے جو تیرا خوف مانتے ہیں۔ | .5 |
بادشاہ کو عمر کی درازی بخش دے۔ وہ پشت در پشت جیتا رہے۔ | .6 |
وہ ہمیشہ تک اللہ کے حضور تخت نشین رہے۔ شفقت اور وفاداری اُس کی حفاظت کریں۔ | .7 |
تب مَیں ہمیشہ تک تیرے نام کی مدح سرائی کروں گا، روز بہ روز اپنی مَنتیں پوری کروں گا۔ | .8 |
← Psalms 61/150 → |