← Mark 16/16 |
ہفتے کی شام کو جب سبت کا دن گزر گیا تو مریم مگدلینی، یعقوب کی ماں مریم اور سلومی نے خوشبودار مسالے خرید لئے، کیونکہ وہ قبر کے پاس جا کر اُنہیں عیسیٰ کی لاش پر لگانا چاہتی تھیں۔ | .1 |
چنانچہ وہ اتوار کو صبح سویرے ہی قبر پر گئیں۔ سورج طلوع ہو رہا تھا۔ | .2 |
راستے میں وہ ایک دوسرے سے پوچھنے لگیں، ”کون ہمارے لئے قبر کے منہ سے پتھر کو لُڑھکائے گا؟“ | .3 |
لیکن جب وہاں پہنچیں اور نظر اُٹھا کر قبر پر غور کیا تو دیکھا کہ پتھر کو ایک طرف لُڑھکایا جا چکا ہے۔ یہ پتھر بہت بڑا تھا۔ | .4 |
وہ قبر میں داخل ہوئیں۔ وہاں ایک جوان آدمی نظر آیا جو سفید لباس پہنے ہوئے دائیں طرف بیٹھا تھا۔ وہ گھبرا گئیں۔ | .5 |
اُس نے کہا، ”مت گھبراؤ۔ تم عیسیٰ ناصری کو ڈھونڈ رہی ہو جو مصلوب ہوا تھا۔ وہ جی اُٹھا ہے، وہ یہاں نہیں ہے۔ اُس جگہ کو خود دیکھ لو جہاں اُسے رکھا گیا تھا۔ | .6 |
اب جاؤ، اُس کے شاگردوں اور پطرس کو بتا دو کہ وہ تمہارے آگے آگے گلیل پہنچ جائے گا۔ وہیں تم اُسے دیکھو گے، جس طرح اُس نے تم کو بتایا تھا۔“ | .7 |
خواتین لرزتی اور اُلجھی ہوئی حالت میں قبر سے نکل کر بھاگ گئیں۔ اُنہوں نے کسی کو بھی کچھ نہ بتایا، کیونکہ وہ نہایت سہمی ہوئی تھیں۔ | .8 |
جب عیسیٰ اتوار کو صبح سویرے جی اُٹھا تو پہلا شخص جس پر وہ ظاہر ہوا مریم مگدلینی تھی جس سے اُس نے سات بدروحیں نکالی تھیں۔ | .9 |
مریم عیسیٰ کے ساتھیوں کے پاس گئی جو ماتم کر رہے اور رو رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں جو کچھ ہوا تھا بتایا۔ | .10 |
لیکن گو اُنہوں نے سنا کہ عیسیٰ زندہ ہے اور کہ مریم نے اُسے دیکھا ہے توبھی اُنہیں یقین نہ آیا۔ | .11 |
اِس کے بعد عیسیٰ دوسری صورت میں اُن میں سے دو پر ظاہر ہوا جب وہ یروشلم سے دیہات کی طرف پیدل چل رہے تھے۔ | .12 |
دونوں نے واپس جا کر یہ بات باقی لوگوں کو بتائی۔ لیکن اُنہیں اِن کا بھی یقین نہ آیا۔ | .13 |
آخر میں عیسیٰ گیارہ شاگردوں پر بھی ظاہر ہوا۔ اُس وقت وہ میز پر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں اُن کی بےاعتقادی اور سخت دلی کے سبب سے ڈانٹا، کہ اُنہوں نے اُن کا یقین نہ کیا جنہوں نے اُسے زندہ دیکھا تھا۔ | .14 |
پھر اُس نے اُن سے کہا، ”پوری دنیا میں جا کر تمام مخلوقات کو اللہ کی خوش خبری سناؤ۔ | .15 |
جو بھی ایمان لا کر بپتسمہ لے اُسے نجات ملے گی۔ لیکن جو ایمان نہ لائے اُسے مجرم قرار دیا جائے گا۔ | .16 |
اور جہاں جہاں لوگ ایمان رکھیں گے وہاں یہ الٰہی نشان ظاہر ہوں گے: وہ میرے نام سے بدروحیں نکال دیں گے، نئی نئی زبانیں بولیں گے | .17 |
اور سانپوں کو اُٹھا کر محفوظ رہیں گے۔ مہلک زہر پینے سے اُنہیں نقصان نہیں پہنچے گا اور جب وہ اپنے ہاتھ مریضوں پر رکھیں گے تو شفا پائیں گے۔“ | .18 |
اُن سے بات کرنے کے بعد خداوند عیسیٰ کو آسمان پر اُٹھا لیا گیا اور وہ اللہ کے دہنے ہاتھ بیٹھ گیا۔ | .19 |
اِس پر شاگردوں نے نکل کر ہر جگہ منادی کی۔ اور خداوند نے اُن کی حمایت کر کے الٰہی نشانوں سے کلام کی تصدیق کی۔ | .20 |
← Mark 16/16 |